عمران خان ،بشریٰ کے کیسز عید کے بعد مقرر:چیف جسٹس
جسٹس یحییٰ آفریدی کی سلمان اکرم راجہ سے ملاقات میں یقین دہانی ،ہدایات جاری
اسلام آباد، لاہور (کورٹ رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیی آفریدی کے ساتھ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے سپریم کورٹ میں ملاقات کی ،چیف جسٹس نے ملاقات میں یقین دہانی کروائی کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے متعلق مقدمات عید کے بعد سماعت کیلئے مقرر کر دئیے جائیں گے ، ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم نے بتایا کہ چیف جسٹس نے اپنے متعلقہ افسروں کو بلا کر مقدمات مقرر کرنے کی ہدایات دے دی ہیں ،ادھر پریس کانفرنس کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہاہے کہ سائفر پڑھنے کے بعد اگر ہمارا سر فخر سے بلند تھا تو اب ہمارا سر آسمان سے لگ رہا ہے ،امریکی سیکرٹری گواہی دے رہے ہیں کہ عمران خان صرف اپنی قوم کے لئے سوچتے ہیں ، ہم کتنے خوش قسمت ہیں کہ عمران خان ہمارا بھائی ہے ہم کواس پر فخر ہے۔
دریں اثنا سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما اعجاز احمد چو دھری کے خلاف 9 مئی مقدمات میں ضمانت منسوخی کے لیے دائر پنجاب پراسیکیوشن کی اپیلیں نمٹاتے ہوئے دو مقدمات میں ضمانت دینے کا لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا ہے ،چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی، بینچ میں جسٹس محمد شفیع صدیقی اور جسٹس گل حسن اورنگزیب بھی شامل تھے ، سانحہ 9 مئی کے جناح ہاؤس اور عسکری ٹاور حملہ کیسز کی سماعت کوٹ لکھپت جیل میں ہوئی،انسداد دہشتگردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے ٹرائل کی کارروائی 10 جون تک ملتوی کر دی اور گواہوں کو شہادت ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کر لیا، زیر حراست ملز موں میں یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چو دھری اور میاں محمود الرشید شامل تھے ، ان مقدمات میں صنم جاوید، عالیہ حمزہ، طیبہ راجہ، خدیجہ شاہ اور روبینہ جمیل بھی نامزد ہیں ۔