چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کیخلاف 5 شکایات متفقہ طور پر خارج : سپریم جوڈیشل کونسل

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کیخلاف 5 شکایات  متفقہ طور پر خارج : سپریم جوڈیشل کونسل

پشاور ہائیکورٹ کے جج،کراچی اور وہاڑی کے 3شہریوں، لاہور کے وکیل کی شکایات پر 14مئی کے فیصلوں کی تفصیلات جاری

 اسلام آباد (کورٹ رپورٹر، نیوزایجنسیاں ، مانیٹرنگ ڈیسک)سپریم جوڈیشل کونسل کے گزشتہ اجلاس کی تفصیلات جاری کردی گئیں، جس میں چیف جسٹس یحیی آفریدی کے خلاف دائر 5 شکایات کو متفقہ طور پر خارج کئے جانے کی تصدیق کی گئی ہے ۔ سپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس کے اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس کے خلاف پہلی شکایت پشاور ہائیکورٹ کے وکیل صبغت اللہ شاہ نے 2016 میں اس وقت دائر کی تھی جب وہ پشاور ہائیکورٹ میں جج تھے ۔ شکایت میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے ایڈیشنل سیشن ججز کی تقرری کے عمل میں میرٹ کو نظر انداز کیا۔

سپریم جوڈیشل کونسل نے 14 مئی کے اجلاس میں یہ شکایت متفقہ طور پر خارج کر دی۔دوسری شکایت کراچی کے شہری امجد حسین درانی نے دائر کی تھی، جس میں الزام لگایا گیا کہ ان کا مقدمہ سپریم کورٹ میں بغیر سماعت خارج کیا گیا جو مس کنڈکٹ کے زمرے میں آتا ہے ۔ کونسل نے اس شکایت کو بھی متفقہ طور پر خارج کر دیا۔تیسری شکایت کراچی کے رہائشی کامران خان نے دائر کی، جس میں کہا گیا کہ ان کی شکایت کو سماعت کا موقع دئیے بغیر خارج کیا گیا۔ سپریم جوڈیشل کونسل نے یہ شکایت بھی متفقہ طور پر مسترد کر دی۔چوتھی شکایت وہاڑی کے رہائشی محمد مسعود نے دائر کی تھی، جس میں الزام تھا کہ مارچ 2023 کے ایک دیوانی مقدمے میں قانون اور حقائق کے خلاف فیصلہ دیا گیا، تاہم یہ شکایت بھی متفقہ طور پر خارج کر دی گئی۔پانچویں شکایت لاہور ہائیکورٹ کے وکیل امجد محمود نے دائر کی تھی، جس میں سپریم کورٹ میں ایک وکیل پر دسمبر 2024 میں داخلے پر پابندی کو مس کنڈکٹ قرار دیا گیا تھا، تاہم یہ شکایت بھی کونسل نے متفقہ طور پر خارج کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں