190 ملین پاؤنڈ کیس:وکیل کی عدم پیشی پر ریکارڈ پر فیصلے کا عندیہ
وکیل آئندہ سماعت پر بھی نہ آئے تو اپیل کنندہ متبادل وکیل پیش کریں:عدالت سپرنٹنڈنٹ جیل کو قانون کے مطابق وکالت نامہ وکیل کو واپس کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ) اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ۔چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اپیل کی سماعت سے متعلق تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ اگر وکیل بیمار ہیں تو متبادل وکیل پیش کیا جائے ، بصورت دیگر عدالت دستیاب ریکارڈ کی بنیاد پر فیصلہ سنا دے گی۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے طبی بنیادوں پر سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دی۔
ان کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ ریٹینا کے عارضے میں مبتلا ہیں۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ گزشتہ سماعت پر وکیل صفائی کو دلائل دینے کا آخری موقع دیا گیا تھا، لہٰذا آئندہ سماعت پر بھی اگر وہ دستیاب نہ ہوئے تو اپیل کنندہ کو لازماً متبادل وکیل پیش کرنا ہوگا۔ متبادل وکیل پیش نہ کرنے کی صورت میں اپیل کا فیصلہ دستیاب ریکارڈ اور قانون کے مطابق سنا دیا جائے گا۔عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو وکالت نامے سے متعلق بھی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام قانونی تقاضے پورے کر کے وکالت نامہ فوری طور پر وکیل کو واپس کیا جائے ۔عدالت نے وکلا کو ہدایت کی کہ جیل انتظامیہ سے متعلق احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے ۔کیس کی آئندہ سماعت 18 جون 2026 مقرر کی گئی ہے ۔