ججز عدم تعیناتی: ملک بھر میں 1153 عدالتیں غیر فعال، 20 لاکھ مقدمات زیر التوا
پنجاب سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ، 808عدالتیں غیرفعال ،سندھ 89، بلوچستان 78، پختونخوا کی149عدالتیں شامل اسلام آباد کی ضلعی عدلیہ میں 29عدالتیں ججز کی تعیناتی کی منتظر : لاء اینڈ جسٹس کمیشن کی دستاویزات ،سائلین کولمباانتظار
اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)ملک میں فوری اور مؤثر انصاف کی فراہمی کے حکومتی دعوے سرکاری اعدادوشمار کے سامنے دم توڑ گئے ۔ لاء اینڈ جسٹس کمیشن کی دستاویزات کے مطابق ججز کی عدم تعیناتی کے باعث ملک بھر کی ضلعی عدلیہ میں 1153 عدالتیں غیرفعال ہیں جبکہ زیر التواء مقدمات کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے ، جس سے سائلین کو انصاف کے حصول میں طویل تاخیر کا سامنا ہے ،دستاویزات کے مطابق پنجاب سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہے جہاں 808 عدالتیں ججز نہ ہونے کے باعث غیرفعال ہیں،سندھ میں 89، بلوچستان میں 78، پشاور ہائی کورٹ کے دائرہ اختیار میں 149 جبکہ اسلام آباد کی ضلعی عدلیہ میں 29 عدالتیں ججز کی تعیناتی کی منتظر ہیں، پنجاب میں 648 سول اور فیملی ججز کی اسامیاں خالی ہیں، پشاور ہائی کورٹ کے ماتحت 126 سول اور فیملی عدالتیں ججز نہ ہونے کی وجہ سے فعال نہیں ہو سکیں، سندھ میں سول اور فیملی ججز کی 70 جبکہ بلوچستان میں 58 اسامیاں تاحال خالی ہیں، اسلام آباد میں 13 سول اور فیملی عدالتیں ججز کی عدم تعیناتی کے باعث غیر فعال ہیں،نہ صرف عدالتی نظام پر دباؤ میں اضافہ ہو رہا بلکہ شہریوں کے بروقت انصاف کے آئینی حق پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔