افریقی ممالک میں ایبولا وائرس، پاکستان میں ہائی الرٹ جاری
وزارت صحت کی محکمہ ہیلتھ کو لیبارٹری کٹس دستیاب رکھنے کی ہدایت یوگنڈا، کانگو سے آنیوالے مسافروں کی خصوصی نگرانی کی جائے ، منسٹری آف ہیلتھ
اسلام آباد (دنیا نیوز) افریقی ممالک سے شروع ہونے والے ایبولا وائرس نے پوری دنیا کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی، عالمی ادارہ صحت نے بھی وبا کو عالمی سطح پر عوامی صحت کیلئے تشویشناک قرار دے دیا ہے ۔پاکستانی وزارت صحت نے ایبولا وائرس کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر پیشگی حفاظتی اقدامات شروع کر دیئے ہیں اور قومی ادارہ صحت کو ضروری اقدامات کرنے اور لیبارٹری کٹس دستیاب رکھنے کی ہدایت جاری کردی۔ وزارت صحت نے کہا ہے کہ ایئرپورٹس پر یوگنڈا اور کانگو سے آنے والے مسافروں کی خصوصی نگرانی کی جائے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان میں صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے ، کسی قسم کی تشویش کی ضرورت نہیں۔دوسری جانب افریقی ممالک میں اب تک ایبولا وائرس کے 300 مشتبہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ 80 اموات بھی سامنے آئی ہیں،سینٹرفار ڈیزیز کنٹرول امریکا کی ٹیم بھی دونوں متاثرہ افریقی ممالک میں پہنچ گئی۔ وفاقی وزارت صحت نے ممکنہ خطرے کے پیش نظر پیشگی حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے ملک میں ہائی الرٹ جاری کردیا ہے ۔