مناسک حج کا آج آغاز ، کل رکن اعظم وقوف عرفات
عازمین کی منیٰ روانگی، مکہ میں سخت حفاظتی انتظامات،فضائی نگرانی جاری
اسلام آباد،مکہ مکر مہ ،ریاض(اپنے رپورٹر سے ، دنیا نیوز،آئی این پی، این این آئی)مناسک حج کا آغاز آج 8 ذو الحجہ سے ہوگا ، بیرون ممالک سے 15لاکھ 18 ہزار عازمین کی حجاز مقدس آمد، 7ذو الحجہ اتوار کو نماز مغرب کے بعد عازمین کو منیٰ منتقل کرنے کا آپریشن شروع ہوگیا ،پاکستان سے 471 پروازوں کے ذریعے حج آپریشن مکمل ،ایک لاکھ 18 ہزار سے زائد عازمین سعودی عرب پہنچ گئے ۔ عازمین کی منیٰ منتقلی کاعمل آج دن 10 بجے تک مکمل کیا جائیگا۔ ہر 188 حجاج کے گروپ کیلئے ایک نگران ناظم مقرر کر دیا گیا،نا ظم عازمینِ حج کے گروپ کے ساتھ رہیں گے ،منیٰ کے خیموں میں 3 وقت کھانا ملے گا،کل 9 ذوالحجہ کو حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ہوگا، 9 ذوالحجہ کو ظہر سے پہلے تمام عازمین کو بسوں، مشاعر ٹرین سے میدانِ عرفات پہنچایا جائے گا۔ 9 ذو الحجہ کو حجاج کرام خطبہ حج کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں اپنے خیموں میں ادا کرینگے اور سورج غروب ہونے تک دعائو ں، تسبیحات اور مناجات میں مشغول رہیں گے اور غروب آفتاب کے فوراً بعد مزدلفہ روانہ ہونگے جہاں مغرب اور عشا کی نمازیں ایک ساتھ ادا کرینگے اور رمی کیلئے 70 کنکریاں چنیں گے ۔ 10 ذوالحجہ کی صبح وقوف مزدلفہ کے بعد حجاج بڑے شیطان کی رمی (کنکر ماریں گے )،قربانی کے بعد حجاج حلق یا قصر کرتے ہی احرام کھول دینگے ۔
10 تا 12 ذو الحجہ کے درمیان کسی بھی وقت حج کا تیسرا فرض طواف زیارت اور واجب سعی کرینگے ، 11 اور 12 ذو الحجہ کو منیٰ میں تینوں شیطانوں کی رمی کرینگے اور اپنی رہائش گاہ پر واپس جائینگے ۔ دوسری جانب سعودی عرب نے حج سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات مکمل کرتے ہوئے عازمینِ حج کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر فعال کر دیا ہے ، مکہ مکرمہ اور مسجد الحرام کے اطراف جدید اینٹی ایئرکرافٹ گنز، زمین سے فضا میں مار کرنیوالے میزائل سسٹمز اور ریڈار نظام نصب کر د ئیے گئے ،سعودی وزارتِ دفاع کے مطابق ایامِ حج کے دوران زمینی نگرانی کے ساتھ ساتھ فضائی نگرانی بھی مسلسل جاری رہے گی ۔منیٰ، مزدلفہ اور میدان عرفات کے گرد بھی کڑی فضائی نگرانی کی جا رہی ہے ۔دوسر ی جانب خطے میں جنگی ماحول کے باوجود حجاج کی تعداد 2025 کے مقابلے میں اس سال زیادہ ہوگئی۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی حکام کا کہنا ہے کہ بیرون ممالک سے آنے والے عازمین کی تعداد 15 لاکھ 18 ہزار 153 ہے ۔سعودی حج پاسپورٹ فورس کے کمانڈر صالح المرابا نے پریس بریفنگ میں کہا کہ اگلے دو دنوں میں عازمین کی تعداد مزید بڑھنے کا ہے ۔ ایران امریکا اسرائیل کی جنگ کی وجہ سے خلیجی ممالک کی فضائی کمپنیاں مشکلات کا شکار تھیں تاہم اب انکی پروازیں تیزی سے بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں۔ پچھلے سال بیرون ممالک سے آئے 15 لاکھ سے زائد حجاج کے ساتھ سعودی عازمینِ حج کی شمولیت سے یہ تعداد 16 لاکھ 73 ہزار 320 ہوگئی تھی۔