قربانی کے جانوروں کی خریدو فروخت میں آن لائن ادائیگی کا رجحان
اسلام آباد(اے پی پی)رواں سال عید الاضحی کے موقع پر مویشی منڈیوں میں نمایاں تبدیلی،موبائل والیٹس، بینکنگ ایپس اور کیو آر کوڈ ز کے ذریعے مویشیوں اور خدمات کے روزمرہ لین دین کے رجحانات میں اضافہ ہوا ہے جس سے تیز تر اور محفوظ تجارت کو یقینی بنا نے میں مدد ملی ہے ۔
بہت سے خریداروں اور بیوپاریوں کے رش سے بھری مویشی منڈیوں کی میڈیا فوٹیج میں دیکھا گیا ہے کہ نقد لین دین کی پرانی روایت کی بجائے آن لائن لین دین میں تیزی سے دلچسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے کیونکہ بڑی مقدار میں کیش کا لے جانا کئی مسائل کا سبب بنتا ہے ۔ رواں سال مویشیوں کی تجارت میں اربوں روپے ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے ادا اور وصول کئے جا رہے ہیں ۔پنجاب مویشی منڈی کے ترجمان اسد شیخ کے مطابق صرف 15 دنوں کے اندر ایک ارب روپے سے زائد مالیت کا آن لائن لین دین کیا گیا ہے جس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ ڈیجیٹل تجارت تیزی سے متعارف ہو رہی ہے ۔