ملک بھر میں آج عید الاضحی ، سکیورٹی کے سخت انتظامات

ملک بھر میں آج عید الاضحی ، سکیورٹی کے سخت انتظامات

لاہور،اسلام آباد، کراچی سمیت تمام علاقوں میں نماز عید کے اجتماعات ہونگے سنت ابرہیمی کی یاد میں قربانی دی جائیگی، سعودی عرب،ترکیہ میں بھی آج عید

لاہور،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،اپنے رپورٹرسے )پاکستان بھر بشمول آزاد کشمیر میں عید الاضحی آج 27مئی (بدھ )کو انتہائی مذہبی جوش وخروش اورعقیدت واحترام کیساتھ منائی جا ئے گی،پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے  عید الاضحی کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ۔ لاہور،اسلام آباد، کراچی، پشاور، گلگت بلتستان، شمالی علاقہ جات، آزاد کشمیر سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبات، دیہات میں مساجد، امام بار گاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات ہونگے ،نماز عید کے خطبات میں علمائے کرام و خطیب حضرات سنت ابراہیمی پر روشنی ڈالیں گے ،دین کی سربلندی ،ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی ،کشمیر کی آزادی وامت مسلمہ کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی، اسلام آباد میں عیدالاضحی کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوگا۔

نماز عیدکی ادائیگی کے بعد فرزندان اسلام سنت ابراہیمی علیہ السلام کی ادائیگی کیلئے اپنی استطاعت کے مطابق اللہ تعالیٰ کے حضور جانوروں کی قربانی دینگے ،عید الاضحی کے موقع پر سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے جبکہ ریسکیو 1122 و عملہ صفائی کے اہلکار بھی ڈیوٹیوں پر حاضر رہیں گے ،کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کیلئے تمام ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈکوارٹر زہسپتالوں میں ایمرجنسی یونٹس کھلے رہیں گے جہاں ایمرجنسی سٹاف تعینات رہے گا ۔ دوسری جانب سعودی عرب،خلیجی ممالک ،تیونس ، ترکیہ ،آسٹریا میں بھی عیدالاضحی آج منائی جا رہی ہے ۔ادھر پاکستان میں بوہری برادری نے گزشتہ روز منگل کو عید الاضحی منالی ، کراچی سمیت ملک کے دیگر حصوں میں بسنے والے بوہرہ برادری کے افراد نے نماز عید ادا کی اور جانوروں کی قربانی بھی کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں