بلاول پاکستان کے اگلے وزیراعظم بنیں گے :گورنر پنجاب
بزنس کمیونٹی کا مشکل حالات میں کام کرنا حب الوطنی کا ثبوت ہے :سردار سلیم
اسلام آباد (آن لائن) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے سی این جی آنرز ایسوسی ایشن کے وفد نے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت آصف زرداری نے ہمیشہ جمہوریت کے فروغ اور ملکی مفاد میں مفاہمت کی بات کی ہے ، جبکہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری عوامی مینڈیٹ سے پاکستان کے اگلے وزیراعظم بنیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سول و عسکری قیادت نے عالمی سطح پر ملک کا وقار بلند کیا ہے ۔ بزنس کمیونٹی مشکل حالات میں کام کر رہی ہے جو حب الوطنی کا ثبوت ہے ، اور معاشی مشکلات سے جلد نکل آئیں گے ۔گورنر پنجاب نے وفد کو ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سی این جی آنرز ایسوسی ایشن کے جائز مطالبات پر متعلقہ حکام سے بات کی جائے گی۔سی این جی آنرز ایسوسی ایشن کے وفد نے گورنر پنجاب کے فلاحی اقدامات کو سراہا اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔