وزیراعلیٰ کا عید پر صفائی کا ریکارڈ قائم کرنے کا ٹاسک: مریم اورنگزیب
تمام محکمے ستھرا پنجاب کی مدد سے عید کے تین دنوں میں صفائی یقینی بنائیں گے مساجد، عید گاہوں میں عرق گلاب کا چھڑکاؤ، فول پروف سکیورٹی کی ہدایت
لاہور (دنیا نیوز) پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی کا نیا ریکارڈ قائم کرنے کا ٹاسک دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سپیشل عید گرینڈ کلین اپ آپریشن کی منظوری دی گئی ہے اور تمام متعلقہ محکمے ستھرا پنجاب کے ساتھ مل کر عید کے تین دنوں میں صفائی یقینی بنائیں گے ۔مریم اورنگزیب نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں، گلیوں اور بازاروں کو صاف رکھنے میں انتظامیہ اور ستھرا پنجاب ٹیموں سے تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے عملے کو انعامات دیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے مساجد اور عید گاہوں میں فول پروف سکیورٹی، صفائی اور عرق گلاب کے چھڑکاؤ کی ہدایت جاری کی ہے ۔مزید کہا گیا کہ کھالیں جمع کرنے کے کیمپس میں لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر پابندی ہوگی جبکہ بس اسٹینڈز اور بسوں پر کرایہ نامے آویزاں نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ صوبے بھر میں عارضی جھولوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ پارکوں میں جھولوں کی سکیورٹی اور سیفٹی چیک کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔