تنخوا ہ میں 10فیصد اضافہ ،12تا 22لاکھ پرٹیکس ریلیف،کنوینس الائونس دوگنا،بجٹ تجاویز تیار

تنخوا ہ میں 10فیصد اضافہ ،12تا  22لاکھ پرٹیکس ریلیف،کنوینس  الائونس دوگنا،بجٹ تجاویز تیار

اسلام آباد(مدثرعلی رانا)ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ آئندہ مالی سال کیلئے وفاقی بجٹ میں تنخواہوں میں اضافے کیلئے مختلف تجاویز تیار کی گئی ہیں، ان میں سالانہ 12 لاکھ سے 22 لاکھ روپے تنخواہ دار طبقے کیلئے ٹیکس میں کمی،کنوینس الاؤنس میں گریڈ 1 سے 19 تک 100 فیصد جبکہ گریڈ 20 سے 22 تک 50 سے 75 فیصد اضافے کی تجاویزشامل ہیں۔

 تنخواہ میں 10 فیصد تک اضافے کی تجویز اور گزشتہ 4 ایڈہاک میں سے 1 ایڈہاک ضم کرنے کی تجویز ہے ، گریڈ 1 سے 16 تک کیلئے ڈسپیرٹی الاؤنس کی بھی تجویز اور آرمڈ فورسز کو کنٹری بیوٹری پنشن سکیم میں شمولیت کی تجویز ہے ، تنخواہوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ بجٹ سے پہلے وفاقی کابینہ اجلاس میں کیا جائے گا، ملازمین کی تنخواہوں میں 2022 کا 15 فیصد، 2023 کا 30 فیصد، 2024 کا 20 فیصد اور 2025 کا 10 فیصد یعنی مجموعی طور پر 4 ایڈہاک بغیر ضم ہوئے چل رہے ہیں، ذرائع نے بتایا کہ حکومت ان میں سے ایک ایڈہاک کو بھی ضم کر سکتی ہے ، ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بجٹ میں تنخواہوں میں اضافے کیلئے ابھی تک جو تجاویز زیرغور ہیں ان سے ابھی تک کسی تجویز کو حتمی شکل نہیں دی گئی کیونکہ تجاویز بجٹ سے قبل وفاقی کابینہ اجلاس میں پیش کی جائینگی اور وزیراعظم کابینہ کی مشاورت سے تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ کریں گے ، باوثوق ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اضافہ ضرور کیا جائے گا لیکن وزیراعظم کونسی تجویز پر حتمی فیصلہ اس کا فیصلہ بجٹ والے دن کابینہ اجلاس میں ہی ہو گا جبکہ خطے میں کشیدگی کے باعث پٹرولیم مصنوعات میں اضافے پر کنوینس الاؤنس میں اضافہ کرنا حکومتی ترجیح ہے ، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے پر آئی ایم ایف سے ورچوئلی مذاکرات کے دوران بات چیت ہو رہی ہے ،ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف کیساتھ مذاکرات حتمی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں اور جلد معاملات طے پا جائیں گے ۔آئندہ بجٹ میں کم سے کم اجرت بھی بڑھانے کی تجویز ہے ،اس کے علاوہ یکم جولائی سے آرمڈ فورسز ملازمین کو کنٹری بیوٹری پنشن سکیم میں شامل کرنا حکومتی پلان میں شامل ہے ۔ آئندہ بجٹ میں پنشنرز کیلئے دو برسوں کی اوسطاً مہنگائی کی شرح کے لحاظ سے 80 فیصد تک اضافہ دیے جانے کی تجویز ہے ۔ذرائع کے مطابق تنخواہوں میں اضافے کی تجاویز حتمی مراحل میں ہیں جو کہ وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی، حکومتی اہم عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا لیکن حتمی فیصلہ بجٹ سے پہلے وفاقی کابینہ اجلاس میں کیا جائے گا اور تنخواہ دار طبقے کیلئے ٹیکس ریلیف بھی دیا جائے گا۔

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں