پنکی کو ویڈیولنک کے ذریعے عدالت پیش کرنے کی درخواست

پنکی کو ویڈیولنک کے ذریعے عدالت پیش کرنے کی درخواست

کراچی (سٹاف رپورٹر) جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کے خلاف منشیات اور غیر قانونی اسلحے کے مقدمات میں جیل حکام نے سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر ملزمہ کو ویڈیو لنک سے پیش کرنے کی درخواست دائر کر دی۔

 ویمن جیل کی سینئر سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملزمہ انمول عرف پنکی کو گارڈن تھانے میں درج دو مقدمات میں عدالت پیش کیا جانا تھا ۔تاہم اس کی عدالتی پیشی سکیورٹی کے سنگین خدشات کو جنم دے سکتی ہے ۔ درخواست کے ساتھ کورٹ پولیس کا خط بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔ درخواست میں کہا گیا کہ ہائی پروفائل ملزمہ کی عدالت میں پیشی نہ صرف شہریوں بلکہ ملزمہ کے لیے بھی سکیورٹی رسک ہے ، استدعا ہے کہ ملزمہ کو آئندہ سماعت پر ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونے کی اجازت دی جائے ۔ عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ ادھر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت جنوبی میں انمول عرف پنکی و دیگر کے خلاف درج منشیات کے مقدمے میں شریک ملزموں سہیل الرحمن اور ذیشان نے ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں