وفاقی بجٹ :تعلیم 36، صحت کو 22 ارب دینے کی سفارش

 وفاقی بجٹ :تعلیم 36، صحت کو 22 ارب دینے کی سفارش

موسمیاتی تبدیلی ڈویژن کیلئے 2 ارب 78 کروڑ کا ترقیاتی بجٹ رکھاجائیگا دانش سکولوں اور گرین پاکستان پروگرام کیلئے بھی بڑے فنڈز کی سفارش

اسلام آباد (فوزیہ علی) آئندہ مالی سال 2026-27 کے وفاقی ترقیاتی بجٹ میں تعلیم، صحت اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں کے اہم منصوبوں کیلئے اربوں روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔ دستاویزات کے مطابق وفاقی تعلیم و تربیت ڈویژن کے 27 جاری اور 2 نئے منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر 36 ارب روپے رکھنے کی سفارش کی گئی ہے ۔تعلیمی شعبے میں دانش سکولوں کیلئے سب سے زیادہ 22 ارب 48 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے ، جبکہ وزیراعظم یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کیلئے 3 ارب 29 کروڑ روپے اور پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کیلئے 3 ارب روپے تجویز کیے گئے ہیں۔ نیوٹیک سکل ڈویلپمنٹ پروگرام، آٹزم سینٹر اسلام آباد اور مختلف ڈیجیٹل لرننگ منصوبوں کیلئے بھی فنڈز رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔

موسمیاتی تبدیلی ڈویژن کیلئے 2 ارب 78 کروڑ روپے کا ترقیاتی بجٹ تجویز کیا گیا ہے ، جس میں گرین پاکستان پروگرام کیلئے 2 ارب 49 کروڑ روپے شامل ہیں۔ اس پروگرام پر آئندہ برس تک تقریباً 35 ارب روپے خرچ ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔ نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن ڈویژن کیلئے 22 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔ ان فنڈز سے کینسر ہسپتال اسلام آباد، جناح میڈیکل کمپلیکس، ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے ، ذیابیطس کی روک تھام اور وزیراعظم نیشنل ہیلتھ پروگرام سمیت مختلف منصوبوں پر کام جاری رکھا جائے گا، جبکہ فیڈرل میڈیکل کالج اسلام آباد اور کراچی میں نئی طبی و تعلیمی سہولتوں کے قیام کی بھی تجویز شامل ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں