وفاقی بجٹ میں کوئی اچھی خبر نہیں:مزمل اسلم

 وفاقی بجٹ میں کوئی اچھی  خبر نہیں:مزمل اسلم

اسلام آباد (دنیا نیوز)مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت مسلسل پانچواں بجٹ پیش کرنے جا رہی ہے ، لیکن ملک تاریخی مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی جمود کا شکار ہے۔

 وفاقی بجٹ کی تیاریوں کے حوالے سے کوئی بھی مثبت خبر سامنے نہیں آ رہی۔خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے 786 ترقیاتی منصوبوں میں سے صرف 6 منصوبے خیبرپختونخوا سے متعلق ہیں۔ اگر یہ منصوبے مکمل ہو گئے تو آئندہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں صوبے کا کوئی منصوبہ باقی نہیں رہے گا۔مزمل اسلم نے کہا کہ حکومت رواں مالی سال کے اختتام پر شرح نمو 3.7 فیصد اور آئندہ سال 4 فیصد ہونے کا دعویٰ کر رہی ہے ، تاہم زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  اڑان پاکستان   منصوبے کی جس انداز میں تشہیر کی گئی، اس سے توقع تھی کہ معیشت ترقی کرے گی، لیکن حقیقت میں اس پروگرام نے معیشت کو اڑا کر رکھ دیا ہے ۔مشیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کے اپنے اعداد و شمار ایک دوسرے سے مطابقت نہیں رکھتے ، ایسے میں معاشی ترقی کے دعوؤں پر یقین کرنا مشکل ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی وسائل اور ترقیاتی منصوبوں کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں