بجٹ کیوں پاس کررہے ؟علیمہ نے سہیل آفریدی کو ٹوک دیا
ان سے کہیں پہلے بانی سے ملاقات کرائیں،میڈیا کے سامنے وزیر اعلیٰ کی سبکی فارورڈ بلاک پراپیگنڈا ،10جون کو قومی اسمبلی کے باہر دھرنا :سہیل آفریدی
راولپنڈی (خبر نگار،مانیٹرنگ ڈیسک،نیو ز ایجنسیاں)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ کے پی کے حکومت نے کابینہ سے بجٹ پیپر پاس کرالیا ہے جبکہ میڈیا کے سامنے علیمہ خان نے ان کو ٹوکتے ہوئے کہا کہ آپ بجٹ کیوں پاس کررہے ہیں؟ ،ان سے کہیں پہلے میری ملاقات بانی سے کرائیں جس پر وزیر اعلٰی کو سبکی کاسامنا کرنا پڑا ، اڈیالہ جیل کے قریب ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کے پی میں فارورڈ بلاک کو پراپیگنڈا قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ پراپیگنڈا اس لیے کیاگیاکہ وفاقی بجٹ میں ایک بار پھرعوام کا خون چوسا جائے گا، انہوں نے کہا کہ کے پی میں پی ٹی آئی کی حکومت فقط عمران خان ہی ختم کر سکتے ہیں، جب تک عمران خان کا کوئی نیا پیغام نہیں آئے گا، میں ہی وزیراعلیٰ رہوں گا،وزیر اعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش یونہی جاری رہی تو 10 جون کو قومی اسمبلی کے باہر ملک بھر سے آئے ہوئے اپنے پارلیمنٹیرینز کے ساتھ دھرنا دیں گے ، احتجاج تو ہوگا پر وفاقی بجٹ بھی پاس نہیں ہونے دیں گے۔
آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک پٹیشن بھی دائر کر رہے ہیں،بجٹ کے حوالے سے کہا کہ کے پی کے حکومت نے کابینہ سے بجٹ پیپر پاس کرالیا ہے ، ہم نے کوئی سرپلس بجٹ نہیں دیا، عوام دوست بجٹ پیش کریں گے ، ہمارا سارا فوکس صحت، تعلیم، زراعت، نوجوان اورجنگلات پر ہے ، ہم اپنے بجٹ میں بہت اچھی اور عوام دوست چیزیں لارہے ہیں۔اس موقع پر علیمہ خان نے انہیں متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے پچھلے سال بھی کہا تھا میرے ساتھ بجٹ ڈسکس کرو، آپ ان سے کہیں بجٹ سے پہلے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائیں،انہوں نے کہا بانی کو تنہا کیاگیا جو غیرقانونی اور غیرآئینی ہے ، تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا ہے کہ جس دن بانی پی ٹی آئی عمران خان محمود اچکزئی سے مطمئن نہیں ہوں گے ان کو ہٹا دیا جائے گا ، خیبر پختونخوا میں بجٹ پاس کرنا ہے یا نہیں فیصلہ پارٹی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ بانی پی ٹی آئی نے نامزد کیا ہے ، جب تک وہ ہیں ہر ایم پی اے ان کو ہی ووٹ دے گا، میں چیلنج کرتا ہوں کوئی ایک ایم پی اے کو توڑ کر دکھائے۔