پیپلز پارٹی کے بیشتر تحفظات دور، وفاقی بجٹ 10 جون کو پیش کرنے پر اتفاق
حکومت ، پیپلز پارٹی کے مذاکرات ،اہم مطالبات بجٹ سے قبل پورے ،پی ایس ڈی پی حجم میں200ارب اضافے کافیصلہ بجٹ کے اہم نکات پیپلز پارٹی قیادت کو فراہم ، اتحادیوں کے تحفظات کو دور کیا جائے گا :طارق فضل کی دنیا نیوز سے گفتگو
اسلام آباد(مدثرعلی رانا)حکومت اور پیپلز پارٹی کے بجٹ، ترقیاتی اخراجات پر اہم مذاکرات ہوئے جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ مالی سال 2026-27 کا وفاقی بجٹ 10 جون کو پیش کیا جائے گا، ذرائع کے مطابق آئندہ وفاقی بجٹ میں پی ایس ڈی پی میں 2 سو ارب روپے کا اضافہ کیا جا رہا ہے ،پی ایس ڈی پی میں صوبوں اور ایس ڈی جیز کیلئے بھی رقم بڑھائی جائے گی، وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو پی ایس ڈی پی سائز 2 سو ارب روپے بڑھانے کی ہدایت کی تھی، پی ایس ڈی پی سائز بڑھانے کیلئے آئی ایم ایف کیساتھ بھی بات چیت ہوئی ہے ،نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ اہم مشاورتی اجلاس میں شرکت کی ، اجلاس میں مالیاتی استحکام، عوامی فلاح و بہبود، ترقیاتی منصوبوں اور جامع اقتصادی ترقی کے فروغ کیلئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں متفقہ طور پر وزیراعظم کو سفارش کرنے کا فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی بجٹ بدھ 10 جون 2026 کو پیش کیا جائے ۔ اجلاس میں سید نوید قمر، سینیٹر شیری رحمن، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، وزیر آبپاشی سندھ جام خان شورو، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال سمیت متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ، وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے دنیا نیوز کو بتایا کہ پیپلزپارٹی کے رہنمائوں سے حکومتی وزرا ء مذاکرات کر رہے ہیں ،وفاقی بجٹ کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے بیشتر تحفظات دور کر لیے گئے ہیں جبکہ کچھ نکات حل طلب ہیں، حکومت نے بجٹ کے اہم ترین نکات پیپلز پارٹی قیادت کو فراہم کر دئیے ،پیپلز پارٹی کی تجاویز وفاقی بجٹ میں شامل کی جائیں گی انہوں نے کہا کہ پی پی پی، ایم کیو ایم سمیت اتحادیوں کے تحفظات کو دور کیا جائے گا ۔