بجٹ میں ریلیف کیلئے اقدامات شامل، برآمدات پر مبنی ترقی کی راہ پر گامزن ہیں : شہباز شریف
آپ پاکستان کے سفیر،دنیا میں ہماری پہچان،مشکل میں ساتھ دینے پر آ پکے شکر گزار:صنعتکاروں،کاروباری شخصیات سے گفتگو دونوں ممالک کے اداروں کی ذمہ داری ہے طے شدہ فیصلوں کو عملی شکل دینے کیلئے تعاون کو فروغ دیں،چینی سفیر سے بات چیت
اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی ،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات شامل کئے جارہے ہیں،وزیراعظم سے معروف صنعتکاروں اور ممتاز کاروباری شخصیات کے وفد نے ملاقات کی،وفد میں میاں منشا ، عارف حبیب، عاطف باجوہ، محمد علی تبہ، مصدق ذوالقرنین دیگر شامل تھے ، وزیراعظم نے وفد کو خوش آمدید کہا، انہوں نے کہا کہ آپ پاکستان کے سفیر اور دنیا میں ہماری پہچان ہیں،مشکل معاشی حالات میں حکومت کا ساتھ دینے پر کاروباری برادری کے شکر گزار ہیں، برآمدات پر مبنی ترقی کی راہ پر گامزن ہیں، یہی ہماری معاشی پالیسی کا محور ہے، وفد کو کاروبار، صنعت و تجارت کے فروغ کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی ، وفد نے خطے میں امن کی بحالی کے لئے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر وزیراعظم اور انکی ٹیم کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا، آئندہ بجٹ کی تیاری میں کاروباری برادری کو اعتماد میں لینے کے اقدام کو سراہا اورقومی معیشت کی مضبوطی اور بجٹ پراپنی تجاویز وزیراعظم کو پیش کیں۔
دریں اثنا پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے وزیراعظم سے ملاقات کی،وزیراعظم نے چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے لیے اپنی نیک تمناؤں اور پرتپاک جذبات کا اظہار کیا اور اپنے حالیہ دورئہ چین کے دوران چینی قیادت کے ساتھ ہونے والی انتہائی مفید، بامقصد اور نتیجہ خیز ملاقاتوں کا ذکر کیا۔وزیراعظم نے اس امر پر زور دیا کہ دورئہ چین کے دوران طے پانے والے اہم فیصلوں اور مفاہمتوں پر عملدرآمد کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں، وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کانفرنس کے دوران پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان طے پانے والی مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر بروقت اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ، علاوہ ازیں ریلوے کے ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے وزیر اعظم نے کہا کہ ریلوے نے مسافروں کی سہولت، سٹیشنز کی بہتری کے لیے قابل ستائش کام کیا ہے ، انہوں نے ہدایت کی کہ ریلوے کی طویل المدتی اور پائیدار ترقی کے لیے فریٹ سروس میں سرمایہ کاری اور میگا منصوبوں کی بروقت تکمیل، ریلوے کی پالیسی ترجیحات ہونی چاہے ،وزیراعظم سے ممبران قومی اسمبلی ملک ابرار ، ملک سہیل خان اور حافظ میاں نعمان نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اورحلقوں میں جاری فلاحی منصوبوں کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔