نیب ترامیم سے متعلق صدارتی آرڈیننس کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل مسترد
لاہور (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے کی گئی نیب ترامیم کے خلاف سنگل بینچ کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی انٹرا کورٹ اپیل غیر ضروری قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے شہری منیر احمد کی جانب سے دائر انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کی۔نیب کے وکیل نے اپیل کی مخالفت کرتے ہوئے مو قف اختیار کیا کہ صدارتی آرڈیننس کی مدت ختم ہو چکی ہے ، اس لیے معاملہ غیر مو ثر ہو گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جب درخواست دائر کی گئی تھی، اس وقت نیب آرڈیننس نافذ تھا۔درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے عدالت کو بتایا کہ ان ترامیم کے تحت صرف بانی پاکستان تحریک انصاف کا ریمانڈ لیا گیا۔ عدالت کو یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ قومی اسمبلی کی موجودگی میں صدارتی آرڈیننس جاری کیا جا سکتا تھا یا نہیں۔ ان کے مطابق آرڈیننس کے اجرا سے حکومت کی بدنیتی ظاہر ہوتی ہے ۔ درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے کی گئی نیب ترامیم کو کالعدم قرار دیا جائے اور سنگل بینچ کا فیصلہ بھی منسوخ کیا جائے ۔