خیبرپختونخوا: سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن 4فتنہ الخوارج ہلاک
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں ،نامہ نگار)سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان اور مہمند میں دو کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران چار بھارتی سپانسرڈ فتنہ الخوارج ہلاک کر دئیے جبکہ اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق 3 اور 4 جون کی درمیانی شب ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں2دہشت گرد مارے گئے ۔ ایک ہلاک دہشت گرد کی شناخت محمد نعمان کے نام سے ہوئی جبکہ دوسرے کی شناخت کا عمل جاری ہے ۔ کارروائی کے دوران ایک ایم فور رائفل، ایک ایس ایم جی، گرنیڈ، دو موٹر سائیکلیں، اسلحہ کے میگزین، سمارٹ فونز اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرا آپریشن ضلع مہمند میں کیا گیا، جہاں مزید2دہشت گرد ہلاک ہوئے ۔ ہلاک دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے ۔
علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کی تلاش کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور سکیورٹی فورسز ملک میں امن و استحکام کے قیام کیلئے پرعزم ہیں۔دریں اثنا صدرآصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا دہشت گردی کے خاتمے اور ملک کے امن و استحکام کیلئے آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے ۔ دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رکھی جائیں گی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک قومی کوششیں جاری رہیں گی۔