سیاسی دباؤ بند نہ ہوا تو اسمبلیوں سے نکل جائینگے :بیرسٹر گوہر
گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کو انتخابی مہم سے روکنا پری پول دھاندلی ہے
گلگت (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے خبردار کیا ہے کہ اگر پارٹی کو مسلسل سیاسی دباؤ اور تنہائی کا سامنا رہا تو وہ اسمبلیوں اور سینیٹ سمیت پورے سیاسی نظام سے باہر نکلنے پر غور کر سکتی ہے ۔گلگت بلتستان میں ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کو انتخابی مہم چلانے سے روکنا پری پول دھاندلی کے مترادف ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی رہنماؤں اور ارکان اسمبلی کو روکنا یا صوبہ بدر کرنا نہ صرف آئین بلکہ جمہوری اقدار کے بھی خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پی ٹی آئی کو انتخابی عمل سے دور رکھ کر سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہے لیکن عوام ایسے ہتھکنڈوں کو مسترد کر دیں گے ۔ بیرسٹر گوہر کے مطابق جو سیاست دان اپنے حلقوں میں کامیاب نہیں ہو سکے ، وہ اب گلگت بلتستان کے عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر پارٹی کی مبینہ سیاسی آئیسولیشن ختم نہ کی گئی تو قیادت اسمبلیوں کے بائیکاٹ سمیت دیگر آپشنز پر غور کر سکتی ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ پی ٹی آئی کو دیوار سے لگانے کی کوششیں بند کی جائیں، بصورت دیگر پارٹی سخت سیاسی فیصلے کرنے پر مجبور ہو سکتی ہے ۔