جماعت اسلامی کا مہنگائی کیخلاف ملک گیرتحریک کا اعلان
اقتدارکے خواہاں نہیں ،عوامی حمایت اور جدوجہدسے مثبت تبدیلی لائیں گے مہنگا ئی اوردیگرمسائل پرموثر عوامی آوازبنیں گے :حافظ نعیم کا آن لائن خطاب
لاہور (سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے مہنگائی، بجلی و پٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور عوامی حقوق کی بحالی کیلئے آئندہ چند روز میں ملک گیر عوامی تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے ۔منصورہ سے ملک بھر کے ذمہ داران کے آن لائن اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی حمایت اور منظم جمہوری جدوجہد کے ذریعے نظام میں مثبت تبدیلی لانا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ آئندہ دس روز کے دوران ممبرسازی مہم تیز کی جائے اور مقررہ اہداف حاصل کئے جائیں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی خفیہ سمجھوتے یا غیر جمہوری طریقے سے اقتدار کی خواہاں نہیں بلکہ عوام کی تائید سے تبدیلی چاہتی ہے ۔ انہوں نے کراچی، لاہور، پشاور، راولپنڈی، اسلام آباد، ملتان، کوئٹہ، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور حیدرآباد سمیت بڑے شہروں کے ذمہ داران کو ممبرسازی مہم مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مہنگائی، بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی عوام کی مؤثر آواز بنے گی ،وفاقی بجٹ کے بعد عوامی مسائل کے تناظر میں احتجاجی تحریک کی کال دی جا سکتی ہے ۔