امانت میں خیانت ، دفعہ لگانے کیلئے لوازمات ضروری :ہائیکورٹ
فیملی کیس کے حقائق چھپا کر ایف آئی آر درج کرائی گئی:جسٹس طارق محمود ، ریمارکس جہیز کی گاڑی فروخت کرنے کے الزام میں نامزد شوہر عمیر کی عبوری ضمانت منظور
لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ میں میاں بیوی کے اختلافات کا انوکھا کیس ،جسٹس طارق محمود باجوہ نے جہیز میں ملنے والی گاڑی فروخت کرنے پرامانت میں خیانت اور فراڈ کیس کے نامزد ملزم شوہر عمیر ریاض کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرلی ،عدالت نے دو لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانیکا حکم دیا۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ سامان جہیز کا کیس دو فورمز پر نہیں چلایا جاسکتا، سامان جہیز کیس کا فیصلہ فیملی عدالت نے کرنا ہے ، فیملی کیس کے حقائق چھپا کر ایف آئی آر درج کرائی گئی، جہیز میں دی گئی گاڑی کو امانت قرار نہیں دیا جاسکتا، ایف آئی آر میں امانت میں خیانت کی دفعہ لگانے کیلئے لوازمات کا ہونا ضروری ہے ۔ درخواست گزار پر گاڑی فروخت کرکے جعلی رسید کا مقدمہ درج کیا گیا ، ریکارڈ کے مطابق یہ فریقین میں سامان جہیز کا کیس ہے ،شادی کے بعد درخواست گزار کی بیوی کے والدین نے 8 لاکھ میں گاڑی خرید کر دی، ایف آئی آر میں گاڑی کو امانت کیسے قرار دیا جا سکتا ہے ؟ ۔ریکارڈ سے ظاہر ہے میاں بیوی کی باہمی رنجش کا کیس دسمبر 2024 سے فیملی کورٹ میں ہے ۔