ملک بھر میں آج سے 12 جون تک شدید گرمی کی لہر کا امکان
لاہور سمیت متعدد علاقوں میں درجہ حرارت 48 ،کہیں 51 ڈگری تک پہنچنے کا خدشہ
اسلام آباد ،گلگت (اے پی پی،آن لائن،آئی این پی)محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج 7 جون سے 12 جون کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) متوقع ہے ،درجہ حرارت معمول سے نمایاں طور پر زیادہ رہنے کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کی جاری ایڈوائزری کے مطابق بعض علاقوں میں درجہ حرارت 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے ۔ پختونخوا میں 8 سے 11 جون کے دوران پشاور،مردان،لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں درجہ حرارت 41 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں معمول سے 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہنے اور 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
لاہور ،فیصل آباد،ملتان ،بہاولپور اور دیگر اضلاع میں درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے ۔سندھ اور بلوچستان کے بعض اضلاع میں صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے اوروہاں درجہ حرارت 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا خدشہ ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق رات کے اوقات میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہے گی جس سے حبس اور ہیٹ سٹریس میں اضافہ ہو سکتا ہے ، جنوبی پنجاب اورسندھ کے بعض علاقوں میں گرد آلود ہوائیں اور دھول کے طوفان بھی متوقع ہیں۔محکمہ موسمیات نے عوام خصوصا بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور جسم کوہائیڈریٹ رکھیں ۔ دریں اثناء ترجمان محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 5 جون کی رات 8 بجکر 52 منٹ پر ہِسپر گلیشیئر سے پانی کا اخراج شروع ہو ا جو بعد ازاں خطرناک گلیشیائی سیلابی ریلے میں تبدیل ہوگیاتاہم ہنزہ نگر میں گلیشیئر پھٹنے اور ریلے کی وارننگ جاری کر دی گئی تھی جس کی وجہ سے انتظامیہ نے مقامی آبادی کو فوراً محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا جس سے گلگت بلتستان میں سیکڑوں جانیں بچ گئیں ۔