امریکا کی آزادی کو ڈھائی سو سال مکمل، سفارتخانے میں پر وقارتقریب

امریکا کی آزادی کو ڈھائی سو سال مکمل، سفارتخانے میں پر وقارتقریب

پاک ، امریکادیرینہ شراکت داری کو خراجِ تحسین ،تقریب کے اختتام شاندار آتشبازی ہماری کامیابیاں ہمارا ماضی نہیں وہ منزل ہے جہاں ہم ساتھ چلیں گے ،نیٹلی بیکر

 اسلام آباد(دنیا رپورٹ ) ریاست ہائے متحدہ امریکہ کی آزادی کو ڈھائی سو سال مکمل ہونے کے حوالے سے جشن کے موقع پر فریڈم250کے عنوان سے پاکستان میں امریکی مشن کی جانب سے ہفتے کی رات پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر امریکی جمہوریت کے ڈھائی صدیوں کے سفر کی تکمیل اور پاکستان،امریکہ کے مابین دیرینہ شراکت داری کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔یہ تقریب فریڈم ۰۵۲ کے عنوان سے سال بھر جاری امریکی یومِ آزادی کے جشن کا حصہ اور دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور کثیرالجہتی تعلقات کی واضح عکاسی کرتی تھی ۔

پاکستان کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مہمان فریڈم ٹو ففٹی کے جشن میں شریک ہوئے ۔تقریب سے خطاب میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا کہ آزادی کے ڈھائی سو برس کی تکمیل کے موقع پر منعقدہ تقریب نہ صرف امریکی تاریخ کے ایک اہم سنگِ میل بلکہ آزادی، جمہوریت اور اشتراک کی اُن مشترکہ اقدار کا جشن بھی ہے جو پاکستان اور امریکہ کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں۔ ہماری بہترین کامیابیاں ہمارا ماضی نہیں بلکہ وہ منزل ہے جہاں ہم ساتھ چلیں گے ۔تقریب میں امریکی میرین کور کے کلر گارڈ کی جانب سے پرچم پیش کیے گئے جبکہ پاکستان اور امریکہ کے قومی ترانے بھی بجائے کیے گئے ۔ بعد ازاں امریکی فضائیہ کی سینٹرل کمانڈ کے بینڈ نے موسیقی کے سُر بکھیرے ۔ تقریب کا اختتام شاندار آتش بازی سے ہوا جس نے اسلام آباد کی فضاؤں کو روشن کر دیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں