پیپلز پارٹی نے سندھ کو کرپشن کا شکار بنادیا
کراچی (این این آئی) تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے ایک روزہ دورے کے دوران کراچی سے حیدرآباد، کوٹری، جامشورو، نیو سعید آباد، نواب شاہ، سانگھڑ، کھپرو اور میرپورخاص کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے پارٹی رہنماؤں، کارکنوں اور مختلف خاندانوں سے ملاقاتیں کیں اور مرحومین کے اہل خانہ سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا ملک اس وقت ایک نازک دور سے گزر رہا ہے ،عوامی حقوق کے مطابق فیصلے کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا گلگت بلتستان کے انتخابات میں تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور کسی بھی قسم کی دھاندلی یا سازش کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی نے گزشتہ 18 برس میں سندھ کو بدانتظامی، کرپشن اور محرومیوں کا شکار بنایا ہے ، سندھ کے عوام کو بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا گیا ہے جبکہ صوبے کے وسائل پر مخصوص طبقے کا قبضہ برقرار ہے ۔انہوں نے کہا تحریک انصاف مضبوط اور خودمختار صوبوں اور مضبوط پاکستان پر یقین رکھتی ہے ، کسی انتظامی یونٹ بننے کی مخالفت کرے گی۔انہوں نے کہا عوام آج عمران خان کے نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں اور ملک میں حقیقی جمہوریت اور قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔