حکمران طبقہ نے نوجوانوں کو جان بوجھ کر تعلیم سے محروم رکھا:حافظ نعیم

حکمران  طبقہ  نے  نوجوانوں  کو  جان  بوجھ  کر  تعلیم  سے  محروم  رکھا:حافظ  نعیم

پنجاب حکومت سکولوں کو فروخت کررہی ،عوام پر ٹیکسز کی بھرمارہے ، ظلم و ناانصافی کو روکنا ہوگا:امیر جماعت اسلامی ہم صرف وعدہ نہیں ڈلیور بھی کرتے ہیں، "بنوقابل"پروگرام سے ایک لاکھ افراد روز ی کما رہے :سیالکوٹ میں خطاب

سیالکوٹ(نمائندہ دنیا،آئی این پی)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک پر مسلط افسرشاہی، جاگیردار طبقہ نے نوجوانوں کو جان بوجھ کر تعلیم سے محروم رکھا اور انہیں مایوس کیا ، افسوس گزشتہ مالی سال میں آئی ٹی کی برآمدات بمشکل  3 اعشاریہ8 ملین ڈالر تک پہنچ سکیں، 20 ارب ڈالر کی برآمدات کی صلاحیت کے باوجود رواں مالی سال بھی برآمدات محض ساڑھے 4 تا 5 ملین ڈالر تک جائیں گی، یہ حکمرانوں کے لیے شرم کا مقام ہے ، بجٹ میں آئی ٹی کی ترقی کیلئے 20 ارب روپے مختص کئے جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے بنوقابل پروگرام کے مفت تربیتی کورسز میں داخلہ کیلئے منعقدہ انٹری ٹیسٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری ، سیکرٹری جنرل الخدمت وقاص انجم جعفری نے بھی اظہار خیال کیا جبکہ امتیاز بریار، خواجہ مسعود ، امیر جماعت کے معاون خصوصی عمیر ادریس اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

ٹیسٹ میں ہزاروں طلبا وطالبات نے شرکت کی۔ حافظ نعیم الرحمن نے امتحان میں حصہ لینے والے طلبا وطالبات کے جذبہ کو سراہا اور انہیں یقین دلایا اور کہا کہ الخدمت انہیں تمام جدید کورسز مفت کرائے گی، نوجوان نسل پڑھنا اور آگے بڑھنا چاہتی ہے ، پنجاب میں ایک کروڑ سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں، اس صورتحال میں پنجاب حکومت سکولوں کو فروخت کررہی ہے ،عوام پر ٹیکسز کی بھرمار ہے ،اس ظلم و ناانصافی کو روکنا ہوگا، ملک میں تعلیم کی تحریک چلانی ہوگی۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم صرف وعدہ نہیں بلکہ ڈلیور بھی کرتے ہیں،ملک کے 65 شہروں میں بنوقابل کا آغاز ہوچکا، بنوقابل پروگرام میں 15 لاکھ طلبا رجسٹرڈ ہو چکے ،ڈیڑھ کروڑ بھی آ جائیں تو ہم انہیں مفت پڑھائیں گے ،"بنوقابل" پروگرام سے ایک لاکھ 10 ہزار افراد روزگار کما رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے نوجوانوں کا ہاتھ پکڑ لیا ، انہیں اب مایوس ہونے یا ملک چھوڑنے کی ہرگز ضرورت نہیں، طلبا وطالبات ان نوجوانوں کیلئے بھی آواز اٹھائیں جنہیں حکمرانوں نے تعلیم سے محروم کررکھا ہے ،دنیا کے مسائل کا حل اسلام کے عادلانہ نظام میں ہے ، نوجوان اپنے دین پر فخر کریں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں