مہاجرین جموں کی نمائندگی ختم نہیں کی جا سکتی:احسن اقبال
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ جموں کے مہاجرین نے کشمیر کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں۔
اس لیے ان کی نمائندگی ختم نہیں کی جا سکتی۔ مہاجرین کی نشستوں کا خاتمہ بھارت کے بیانیے کو تقویت دینے کے مترادف ہوگا۔نارووال میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے آزاد کشمیر میں جاری احتجاج کے حوالے سے کہا کہ مطالبات کے حل کے لیے پارلیمنٹ، عدالت اور ریفرنڈم سمیت آئینی راستے موجود ہیں۔ تشدد اور ڈنڈے کے زور پر ایجنڈا نافذ کرنے والوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے ۔ اگر ایک جتھے کے سامنے جھک جایا جائے تو کل درجنوں جتھے ریاست کو یرغمال بنا لیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جموں کے مہاجرین بھی اتنے ہی کشمیری ہیں جتنے وادی کشمیر کے لوگ ہیں، لہٰذا ان کی سیاسی نمائندگی کا تحفظ ناگزیر ہے ۔