سمندری ماحولیاتی نظام کے تحفظ کیلئے سرگرم عمل ہیں:سربراہ پاک بحریہ

 سمندری ماحولیاتی نظام کے تحفظ کیلئے سرگرم عمل ہیں:سربراہ پاک بحریہ

ہمارے سمندروں کا تحفظ مشترکہ ذمہ داری اور قومی ترجیح ہے :ایڈمرل نوید اشرف میرین پروٹیکٹڈ ایریاز میں انسانی سرگرمیوں کا احتیاط سے انتظام کیا جاتا ہے :پیغام

اسلام آباد (اے پی پی)چیف آف دی نیول سٹاف (سی این ایس)ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ پاک بحریہ بحری ماحولیاتی نظام کے تحفظ اور سمندری وسائل کے پائیدار استعمال کو فروغ دینے کیلئے سرگرم عمل ہے ۔ عالمی یوم سمندر 2026 کے موقع پر جاری بیان میں  نیول چیف نے مزید کہا ہے کہ پاک بحریہ سمندری آلودگی کو کم کرنے اور بحیرہ عرب کی صحت میں کردار ادا کرنے کیلئے ، ساحلی اور سمندری صفائی کی باقاعدہ مہموں، آگاہی مہموں اور ماحولیاتی پروگراموں کے ذریعے اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے ،ہمارے سمندروں کا تحفظ مشترکہ ذمہ داری اور قومی ترجیح ہے ، ہمیں اس بات کو یقینی بنانے کیلئے مستعدی اور دور اندیشی کے ساتھ کام کرنا چاہیے کہ موجودہ اور آنے والی نسلیں صحت مند، لچکدار اور پیداواری سیارے کی وارث ہوں، میں تمام سٹیک ہولڈرز سے اس مقصد کیلئے اپنی وابستگی کا اعادہ کرنے کا مطالبہ کرتا ہوں۔پاک بحریہ کے سربراہ نے مزید کہا کہ سمندری آلودگی، ضرورت سے زیادہ ماہی گیری اور موسمیاتی تبدیلی سے بڑھتے خطرات ہمارے سمندروں کی صحت اور پائیداری کو خطرے میں ڈال رہے ہیں،میرین پروٹیکٹڈ ایریاز (MPAs)سمندر کے مخصوص علاقوں میں قدرتی وسائل کے تحفظ کیلئے انسانی سرگرمیوں کا احتیاط سے انتظام کیا جاتا ہے ۔ ان ایریاز کا مضبوط اور موثر انتظام ماحولیاتی لچک کو بڑھاتا ہے ، پائیدار ماہی گیری کی حمایت کرتا ہے اور موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے ۔ رواں سال کا تھیم ممالک کو صحت مند اور زیادہ پائیدار سمندری ماحول کے لیے ان MPAs کو بڑھانے اور مضبوط کرنے کی ترغیب دیتا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں