جناح ہسپتال :مفت آپریشن کے نام پر لاکھوں کی وصولی کاانکشاف
دل کے سرجن نے مریض سے 10 لاکھ روپے سے زائد وصول کئے ، انکوائری شروع وارڈ بوائے پر بھی رشوت کا الزام، ملزموں کو 7 روز میں جواب جمع کرانے کی ہدایت
لاہور (ہیلتھ رپورٹر)جناح ہسپتال لاہور میں مفت آپریشن کے نام پر مریض سے مبینہ طور پر لاکھوں روپے وصول کرنے کا سکینڈل سامنے آ گیا ۔ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے دل کے سرجن ڈاکٹر سید رافع گیلانی کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی شروع کر دی ہے ۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹر سید رافع گیلانی نے جناح ہسپتال میں مریض کا مفت آپریشن کیا تاہم بعد ازاں مبینہ طور پر اپنے ذاتی بینک اکاؤنٹ میں مریض سے 10 لاکھ 40 ہزار روپے سے زائد رقم وصول کی۔اسی کیس میں ایک وارڈ بوائے پر بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے آپریشن لسٹ میں نام شامل کرنے کے عوض مریض کے لواحقین سے مبینہ طور پر 10 ہزار روپے وصول کیے اور اس دوران دھمکیاں بھی دیں۔سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے باقاعدہ محکمانہ انکوائری کا حکم دے دیا ہے ۔ ملزموں کو 7 روز کے اندر جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ انکوائری افسر کو 60 روز کے اندر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔