پنجاب حکومت کا مدارس رجسٹریشن میں نرمی کا فیصلہ
وفاقی سطح پر رجسٹرڈ مدارس دوبارہ رجسٹریشن کے پابند نہیں ہوں گے پنجاب اسمبلی میں پیش سوسائٹیز رجسٹریشن (ترمیمی)بل کمیٹی کے حوالے
لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب حکومت نے مدارس رجسٹریشن میں نرمی برتنے کا فیصلہ کیا ہے ، وفاقی وزارتِ تعلیم کے تحت رجسٹرڈ دینی مدارس کو نئی رجسٹریشن سے استثنیٰ دینے کی تجویز نئی ترامیم میں دی گئی ہے ۔نئی مجوزہ ترامیم کے مطابق پنجاب اسمبلی میں بروز پیر سوسائٹیز رجسٹریشن (ترمیمی) بل 2026 پیش کردیا گیا جسے متعلقہ کمیٹی برائے داخلہ پنجاب اسمبلی کے حوالے کیاگیا ہے۔ذرائع کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل مذہبی تعلیم میں رجسٹرڈ مدارس کو دوبارہ رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہوگی،سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ کی دفعہ 21 میں نئی شق 1A شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے ،دینی مدارس کی دہری رجسٹریشن کے خاتمے کیلئے قانون سازی کا آغاز کردیا گیا ۔ وفاقی سطح پر رجسٹرڈ مدارس پنجاب میں دوبارہ رجسٹریشن کے پابند نہیں ہوں گے ۔ترمیمی بل کا مقصد مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق قانونی پیچیدگیوں کا خاتمہ کرنا ہے۔