شاہدرہ ناکہ پر پولیس ، کار سوار ملزموں میں فائرنگ، راہگیر زخمی
ملزم گاڑی بھگا کر لے گئے ، آبادی میں فرار،فائرنگ کا تبادلہ، سرچ آپریشن شروع
لاہور(کرائم رپورٹر)شاہدرہ ناکہ پر پولیس اور کار سوار ملزموں میں فائرنگ، راہگیر زخمی، پولیس نے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق شاہدرہ کے علاقے میں قائم پولیس ناکہ پر مشکوک کار سواروں نے رکنے کا اشارہ ملنے پر پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی اور فرار کی کوشش کی، پولیس کے تعاقب پر ملزمان مین روڈ سے گاڑی بھگا کر آبادی کی جانب فرار ہو گئے اس دوران ملزموں کی گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا اور وہ گاڑی چھوڑ کر آبادی میں فرار ہو گئے ، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں گولی لگنے سے ایک راہگیر زخمی ہو گیا جسے فوری ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔پولیس نے ملزموں کی گاڑی تحویل میں لے کر علاقے کی ناکہ بندی کر دی ، آخری اطلاعات تک سرچ آپریشن جاری ہے ۔ ترجمان کے مطابق سیف سٹی کیمروں اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزموں کی شناخت کا عمل بھی جاری ہے ۔