گرمی کی شدت برقرار، سبی میں پارہ 49 ڈگری چھو گیا
اسلام آباد، لاہور،کراچی(نیوزایجنسیاں ) ملک کے بیشتر حصوں میں شدید گرمی کا سلسلہ بدستور جاری ہے ، سبی میں پارہ49 ڈگری چھو گیا، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ12جون تک ملک کے مختلف علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔۔۔
کئی شہروں میں گرمی کی شدت معمول سے زیادہ ریکارڈ کی جا رہی ہے جبکہ11 اور 12 جون کو اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارش کا بھی امکان ہے ۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں ریکارڈ کیا گیا جہاں پارہ 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔اس کے علاوہ دادو اور جیکب آباد میں 48 ڈگری جبکہ تربت اور موہنجو داڑو میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت نوٹ کیا گیا۔ سکھر، نواب شاہ اور ڈیرہ غازی خان میں درجہ حرارت 46 ڈگری تک رہا جبکہ ملتان اور بہاولپور میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری، پشاور میں 42 ڈگری جبکہ اسلام آباد اور مظفرآباد میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح کراچی اور کوئٹہ میں درجہ حرارت 37 ڈگری جبکہ گلگت میں 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا۔