ٹرمپ جنگ بندی کیلئے کوشاں، اسرائیلی رکاوٹ :منصور جعفر
اسرائیل کا وجود اور بقا بڑی حد تک امریکی حمایت سے وابستہ :ماہر عالمی امور لبنان میں جنگ بندی ضمانتوں کے بغیر پیشرفت مشکل: ’’دنیا مہر بخاری کیساتھ ‘‘
لاہور (دنیا نیوز)ماہر بین الاقوامی امور منصور جعفر نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی جانب سے معاملات کو حل کی طرف لے جانے اور فریقین کے درمیان مفاہمت کی راہ ہموار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اپنے سیاسی اور عسکری مفادات کے باعث جنگ جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔پروگرام ‘‘دنیا مہر بخاری کے ساتھ’’ میں میزبان ثانیہ چودھری سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو سمجھتے ہیں کہ ان کی سیاسی اور عسکری بقا جنگ کے تسلسل سے وابستہ ہے اور وہ جنگ کی آڑ میں قانونی مسائل اور دباؤ سے بچنا چاہتے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ متعدد بار یہ کہہ چکے ہیں کہ فریقین معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں، تاہم موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے یہ خواہش پوری ہوتی نظر نہیں آتی۔ ایران لبنان کے معاملے کو اپنے مفادات سے جوڑ کر دیکھتا ہے اور اسے ایک امتحانی کیس سمجھتا ہے ۔ ایران کا مؤقف ہے کہ اگر لبنان میں جنگ بندی ہو جائے اور بعد میں امریکا اور اسرائیل اس پر قائم نہ رہیں تو ایران کو کیا ضمانت حاصل ہوگی کہ اس کے ساتھ ہونے والا کوئی بھی جنگ بندی معاہدہ قابلِ عمل رہے گا۔ اسرائیل کا وجود اور بقا بڑی حد تک امریکی حمایت سے وابستہ ہے۔