عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈالا تو پہیہ جام ہڑتال ہوگی :حافظ نعیم

 عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈالا تو پہیہ جام ہڑتال ہوگی :حافظ نعیم

13 جون سے ملک گیر احتجاجی تحریک کا آغاز ،نوجوان، مزدورطلباء ساتھ دیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر 12 جون کو پیش کیے جانے والے بجٹ میں عوام پر ٹیکسوں کا مزید بوجھ ڈالا گیا تو 13 جون سے ملک گیر احتجاجی تحریک کا آغاز اور بہت جلد پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیاجائے گا ۔ نوجوان، مزدورطلباء،وکلاء، اساتذہ،ڈاکٹرز، تاجرسمیت تمام طبقات سے وابستہ افراد عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت صومالیہ میں سمندری قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے پاکستانی شہریوں کی فوری اور محفوظ بازیابی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے ، حکومت کی سنجیدہ اور مؤثر کوششیں نظر نہیں آ رہیں ۔ جماعت اسلامی اس معاملے کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کا ذریعہ نہیں بنانا چاہتی، تاہم اگر حکومت نے اپنی ذمہ داریاں ادا نہ کیں تو جماعت اسلامی متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہر سطح پر آواز بلند کرے گی اور احتجاج سمیت ہر جمہوری آپشن استعمال کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے سسٹم کو گلگت بلتستان تک پھیلا دیا گیا ہے ۔فارم 47 کی بنیاد پر پیپلز پارٹی کو نوازا گیا ، یہ سب ایک ہی تھالی کے چٹے بٹے ہیں جو مل کر طے کرتے ہیں کہ انکل سے کتنا شیئر لینا ہے ۔آئی پی پیز کے معاہدوں سے ملکی معیشت کو شدید معاشی نقصان پہنچایا ہے ، آئی پی پیز کے معاہدوں کا فرانزک آڈٹ کیا جائے اور قومی مفاد کے خلاف معاہدوں کو ختم کیا جائے ۔ پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے اور کم از کم تین سال کے لیے ان کی قیمتوں کو منجمد کیا جائے تاکہ معیشت کو سہارا مل سکے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں