ناجائز حکمران قابض ، ملک بچانے کیلئے ملکر جدوجہد کرنا ہو گی : وکلا رہنما
اٹھائیسویں ترمیم کی باتیں ہورہیں ،مسودہ کسی کے پاس نہیں:حامد خان،وکیل ہی مظلوم عوام کی امید:علی احمد کرد اس رجیم نے آئین پاکستان کو لپیٹ دیا:عابد ساقی،حسیب جمالی،لاہور ہائیکورٹ بار کے زیراہتمام کنونشن سے خطاب
لاہور(کورٹ رپورٹر)وکلاء رہنماؤں نے کہا ہے کہ ناجائز حکمران ملک پر قابض ہیں،ہم سب کو مل کر ملک بچانے کیلئے جدوجہد کرنا ہوگی ، کٹھ پتلیوں کے ذریعے عوام پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار سپریم کورٹ بار کے سابق صدر و سینیٹر حامد خان ،سابق صدر سپریم کورٹ بار علی احمد کرد ،صدر سندھ ہائیکورٹ بار حسیب جمالی،سابق وائس چیئرمین پاکستان بار عابد ساقی نے لاہور ہائیکورٹ بار کے زیر اہتمام منعقدہ آل پاکستان وکلاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر شفقت چوہان ،اشتیاق اے خان ،سابق صدر لاہور ہائیکورٹ باراسد منظور ، چودھری ذوالفقار،ممبر پنجاب بار رانا حسیب ،اویس بھٹی ،سہیل مرشدو دیگر بھی موجود تھے ۔ حامد خان نے مزید کہا کہاب اٹھائیسویں ترمیم کی باتیں ہورہی ہیں لیکن ترمیمی مسودہ کسی کے پاس نہیں،رات کو کہیں سے اچانک ترمیم سامنے آ جائے گی ،بار ایسوسی ایشنز کے الیکشن نہیں ہونے دیئے جارہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو قید تنہائی میں رکھا ہوا ہے ،گلگت بلتستان میں فارم 47 کے ذریعے پی پی پی کو جتوایا گیا،اب کشمیر میں ن لیگ کو جتوایا جائے گا ،چھبیسویں اور ستائیسویں ترامیم کے خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔علی احمد کرد نے کہا کہ وکیل ہی مظلوم عوام کی امید ہیں ،پنجاب کی ایک تاریخ ہے اٹھو اور اپنے خون میں جوش پیدا کرو ۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا کیس لگتا ہے نہ خبر،وہ مرد کا بچہ ،جرات مند شخص ہے اورایک مقصد کیلئے صعوبتیں برداشت کررہا ہے ۔عابد ساقی نے کہا کہ وکلاء کے آئینی حقوق کے تحفظ کے میکنزم کو خراب کردیا گیا ، اس رجیم نے آئین پاکستان کولپیٹ دیا،گزشتہ کئی دہائیوں سے وکلاء کی جدوجہد جاری ہے ۔حسیب جمالی نے کہا کہ حالات کا تقاضا ہے جدوجہد کی جائے ، اگر جدوجہد نہ کی تو آنیوالی نسلیں ہمیں معاف نہیں کرینگی ،غیر جمہوری قوتوں کو بھگانے کیلئے ہم سب کو نکلنا ہوگا ۔کنونشن کے آخر میں صدر لاہور ہائیکورٹ بار بابر مرتضیٰ اورصدر لاہور بار عرفان حیات باجوہ نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔