یرغمالیوں کی رہائی کیلئے ڈارکا صومالی وزیرخارجہ سے رابطہ

 یرغمالیوں کی رہائی کیلئے ڈارکا صومالی وزیرخارجہ سے رابطہ

صومالی وزیر خارجہ عبدالسلام علی کی مخلصانہ کوششوں کی یقین دہانی اطالوی سفیر مارلینا کی سفارتی ذمہ داریاں مکمل ہونے پر الوداعی ملاقات

اسلام آباد(وقائع نگار)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے صومالیہ کے وزیر خارجہ عبدالسلام علی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے ، جس میں اپریل 2026 میں صومالیہ کے ساحل کے  قریب اغوا ہونے والے بحری جہاز MT Honour 25 پر سوار پاکستانی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے جاری کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان اس واقعے کے بعد سے صومالی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور یرغمالیوں کی بازیابی کیلئے سفارتی سطح پر فعال کوششیں جاری ہیں۔ نائب وزیراعظم پاکستان نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یرغمالیوں کی خیریت، جلد از جلد رہائی اور محفوظ وطن واپسی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

صومالی وزیر خارجہ عبدالسلام علی نے یقین دہانی کرائی کہ ان کی حکومت یرغمالیوں کی جلد رہائی کے لیے مخلصانہ اور مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ معاملے کے حل تک قریبی رابطہ اور تعاون جاری رکھا جائے گا۔دریں اثنا پاکستان میں اٹلی کی سفیر مارلینا آرمیلین نے اپنی سفارتی ذمہ داریاں مکمل ہونے پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے الوداعی ملاقات کی۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور افرادی قوت کی نقل و حرکت کے شعبوں میں تعاون میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مستقبل میں بھی اٹلی کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت اور مضبوطی دینے کے لیے پرعزم ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں