مصدق ملک ، برطانوی ہائی کمشنر ملاقات، موسمیاتی تعاون پر تبادلہ خیال
35 ملین پاؤنڈ گرین کمپیکٹ، گرین یونیورسٹی اور ٹیک ہب منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ
اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک سے برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی جس میں گرین کمپیکٹ کے نفاذ اور موسمیاتی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں 35 ملین پاؤنڈ گرین کمپیکٹ، گرین یونیورسٹی اور ٹیک ہب منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزارت موسمیاتی تبدیلی کے مطابق گرین کمپیکٹ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان 35 ملین پاؤنڈ مالیت کا دوطرفہ فریم ورک ہے جس کا مقصد موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے اور ماحولیاتی مزاحمت کو مضبوط بنانا ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر نے ایکشن پلان، اہداف اور مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق بریفنگ دی۔ مصدق ملک نے کہا گرین کمپیکٹ کے تحت ایسے منصوبے تشکیل دئیے جائیں جو عوام کے لیے مؤثر اور دیرپا فوائد پیدا کریں۔ انہوں نے اسلام آباد میں مجوزہ گرین یونیورسٹی اور مختلف بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ جاری مشاورت سے بھی آگاہ کیا۔وفاقی وزیر نے کہا نوجوانوں کو تحقیق، جدت اور ماحول دوست عملی حل تیار کرنے کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے ۔