خزانہ کمیٹی :ضبط مال کی نیلامی نجی شعبے کے سپرد کرنے کی تجویز منظور

 خزانہ کمیٹی :ضبط مال کی نیلامی نجی  شعبے کے سپرد کرنے کی تجویز منظور

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات نے فنانس بل 2026-27 پر غور کے دوران اہم پالیسی فیصلوں اور تجاویز کی منظوری دے دی جن میں کسٹمز کلیئرنس کے نظام اور ضبط شدہ مال کی نیلامی کے طریقہ کار میں بنیادی تبدیلیاں شامل ہیں۔

کمیٹی نے ایف بی آر کی جانب سے ضبط شدہ مال کی نیلامی کو تیسرے فریق (نجی شعبے ) کے حوالے کرنے کی تجویز کی منظوری دے دی جسے شفافیت اور کارکردگی بڑھانے کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے ۔ اسی طرح سینیٹر شیری رحمن کی تجویز پر درآمدات کی کسٹمز کلیئرنس کے لیے مقررہ مدت (ٹائم لائن) طے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔چیئرمین کمیٹی سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ درآمدی اشیا کی کلیئرنس میں تاخیر کا خمیازہ درآمد کنندگان کو بھگتنا پڑتا ہے ، جبکہ ذمہ دار افسران کے احتساب کا مؤثر نظام موجود نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تاخیر کے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ نظام میں بہتری لائی جا سکے ۔ وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت ٹیکس نظام کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے اور الیکٹرانک انوائسنگ جیسے اقدامات سے کاروباری لین دین میں شفافیت بڑھے گی۔ ان کے مطابق بڑے اور چھوٹے ریٹیلرز کے لیے الگ انتظامات کیے جا رہے ہیں جبکہ نئے نظام میں شمولیت سے باہر رہنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کا ہدف معیشت کو استحکام سے پائیدار ترقی کی طرف لے جانا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس پالیسی اور ٹیکس انتظامیہ کو الگ کرنا ایک اہم اصلاح ہے جس سے پالیسی سازی میں بہتری آئے گی۔ کمیٹی اراکین نے ٹیکس نظام میں پیچیدگیوں، پالیسی کے تسلسل اور ریونیو اہداف کے حصول سے متعلق سوالات اٹھائے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں