بینظیر انکم پروگرام کے سوا بجٹ میں کچھ نہیں:نجم سیٹھی
حکومت اخراجات کم ، کچھ قربانی دے توعوام خوشی سے ٹیکس دے گی تیل قیمتیں نہ گریں تو منی بجٹ آئے گا:’’آج کی بات سیٹھی کیساتھ‘‘
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر تجزیہ کارنجم سیٹھی نے کہا ہے کہ اس بجٹ میں مجھے غریبوں کیلئے کچھ نظر نہیں آیا،سوائے ایک دوکام کے ،انہوں نے بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کو بڑھا دیا ہے ،کم از کم اجرت بڑھا دی ،اس کے علاوہ بجٹ میں مجھے کچھ نہیں دکھائی دیا،منی بجٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ منی بجٹ ہمیشہ آتے ہیں،ابھی بھی آئیں گے ،وجہ یہ ہے کہ عالمی سطح پر تیل والی صورتحال غیر مستحکم ہے ،ابھی تک انہوں نے جو اندازہ لگایا ہے یہ اس بنیاد پر لگایا ہے کہ تیل کی قیمت پھر گر جائے گی،60یا 65 ڈالر پر فی بیرل آجائے گا،اگر قیمتیں نہیں گرتیں، تین ماہ ایسا ہی ہوتا ہے توپھر منی بجٹ لانا پڑے گا۔
نجم سیٹھی نے دنیا نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی حکومت نے پٹرول 4 روپے لٹر سستا کیا ہے ،یہ سلسلہ چلتا رہے گا،اصل چیز پٹرولیم لیو ی ہے ،بجٹ میں پٹرولیم لیو ی کا بڑا ٹارگٹ رکھا ہے ،یہ سارا عوام پر بوجھ ہے ،حکومت پیٹرولیم لیوی کو ختم کرے یا کم کرے تو پھر عوام کو ریلیف ملے گا،میرے خیال میں ان کی ساری کی ساری توجہ اس بات پر مرکوز ہورہی ہے کہ پیسے کہاں سے جمع کئے جائیں۔سوال یہ ہے کہ آپ خرچے کیوں کم نہیں کرتے ؟، ایم این ایز کا 2 ماہ تنخواہ نہ لینے کا اعلان کرکے بڑا تیر لیا، یہ کفایت شعاری نہیں ہوتی،حکومت ان کی جیبوں میں 100 ارب ڈال دیتی ہے ،ایک طرف پنجاب حکومت ڈال دیتی ہے دوسری طرف سے وفاقی حکومت،یہ آپ نے خریدو فرخت شروع کی ہوئی ہے ،ان کو خوش کرنے کیلئے آپ نے سسٹم بنایا ہوا ہے ،جہاں جو چاہیں آپ ان سے کروالیں،ان کو پیسے دیتے رہیں،یہ کاروبار بنا ہوا ہے ،جیتنے کیلئے لوگ الیکشن میں پیسے خرچ کرتے ہیں،پارلیمنٹ میں آتے ہیں، پارلیمنٹ میں اس وجہ سے نہیں آتے کہ قانون سازی اچھی کریں گے ،ملک وقوم کی خدمت کریں گے ،یہ پیسے بنانے کیلئے پارلیمنٹ میں آتے ہیں۔حکومت اخراجات کم کرے تو عوام خوشی سے ٹیکس دے گی، پھر تنقید بھی نہیں ہو گی، کچھ قربانی حکومت بھی دے ۔