مونس الٰہی کیس:ہائیکورٹ کا خصوصی دو رکنی بینچ آج سماعت کریگا
درخواست میں نیب کے اقدامات کو چیلنج، فیصلے کالعدم قرار دینے کی استدعا
لاہور (محمد اشفاق سے ) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے مونس الٰہی کی جائیداد منجمد کرنے اور انہیں اشتہاری قرار دینے کے خلاف درخواست پر سماعت کیلئے خصوصی دو رکنی بینچ تشکیل دے دیا ہے ۔جسٹس علی ضیا باجوہ اور جسٹس طارق ندیم پر مشتمل دو رکنی بینچ آج صبح 10 بجے درخواست پر سماعت کرے گا۔لاہور ہائیکورٹ میں قیصرہ الٰہی نے اپنے بیٹے مونس الٰہی کی جانب سے عامر سعید راں ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی، جس میں نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مونس الٰہی کے خلاف بے بنیاد مقدمات قائم کیے گئے ہیں جبکہ وہ اس وقت بیرون ملک مقیم ہیں۔ نیب عدالت میں مونس الٰہی کی جائیدادیں منجمد کرنے کے خلاف دائر درخواست پہلے ہی مسترد کی جا چکی ہے ، جو ان کے مطابق حقائق کے برعکس فیصلہ تھا۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ مونس الٰہی کے اثاثے منجمد کرنے اور انہیں اشتہاری قرار دینے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے ۔قبل ازیں جسٹس سید شہباز رضوی نے ذاتی وجوہات کی بنا پر کیس کی سماعت سے معذرت کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس کو ارسال کی تھی، جس کے بعد چیف جسٹس نے خصوصی بینچ تشکیل دیا۔