9 مئی جلاؤ گھیراؤ :شاہ محمودقریشی کی ضمانت درخواستوں پر سماعت ملتوی یاسمین راشد کے وکلا حتمی بحث کیلئے طلب
لاہور،راولپنڈی(کورٹ رپورٹر،اے پی پی) انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر گل نے 9مئی جلاؤ گھیراؤ کے دومقدمات میں شاہ محمود قریشی کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 24 جون تک ملتوی کر دی۔
انکے وکیل دلائل کیلئے پیش نہیں ہوئے ،معاون وکیل نے دلائل کیلئے مہلت طلب کی،عدالت نے آئندہ سماعت پر پراسیکیوشن سے مقدمات کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا،شاہ محمود قریشی 9مئی کے 5مقدمات میں بری ہو چکے ہیں۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر گل نے مغلپورہ پولیس کی گاڑیاں جلانے کے جیل ٹرائل میں یاسمین راشد کے وکلا کو حتمی بحث کیلئے 18 جون کو طلب کرلیا،عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چودھری کے وکیل کے کیس پر حتمی دلائل مکمل ہوگئے ۔ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت راولپنڈی نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں شاہ محمود قریشی سمیت 120 سے زائد ملزموں کیخلاف مقدمے کی سماعت بغیر کارروائی 30 جون تک ملتوی کر دی۔