کشمور:سندھ، پنجاب بارڈر پرلوڈ گاڑیوں پردستی بموں سے حملے

کشمور:سندھ، پنجاب بارڈر پرلوڈ گاڑیوں پردستی بموں سے حملے

ریسٹورنٹ کوشدید نقصان پہنچا، دن دہاڑے حملوں سے علاقے میں خوف اداروں نے شواہد جمع کرلئے ، ملزموں کی تلاش، گزشتہ روز بھی حملہ ہوچکا

کشمور(نمائندہ دنیا)کشمور میں ایک بار پھر دن دہاڑے سندھ پنجاب بارڈر پر نامعلوم افراد نے نیشنل ہائی وے سے گزرنے والی لوڈ گاڑیوں پر دستی بم پھینک کر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں سدا بہار ریسٹورنٹ کو شدید نقصان پہنچا ، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور مسافروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ نیشنل ہائی وے جیسی اہم شاہراہ پر مسافروں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے ۔ اس سلسلے میں گڈو پولیس کے ساتھ رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم ان کی طرف سے کوئی فیڈبیک نہیں دیا گیا ۔

واقعے کے بعد پولیس اور حساس اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں۔ تاہم آخری اطلاعات تک کسی گرفتاری یا ذمہ دار عناصر کی شناخت کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ رات سندھ پنجاب بارڈر پر واقع گڈو تھانے کی حدود ڈیرہ موڑ کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے سندھ سے پنجاب اور پنجاب سے سندھ آنے جانے والی گاڑیوں کو نشانہ بناتے ہوئے دستی بم پھینکے تھے ، جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے تھے ، جن میں صابر نامی شخص، ڈمپر ڈرائیور لالا بخش رند اور گنڈیکٹر شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر سول ہسپتال کشمور منتقل کر دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں