محراب پور:مبینہ زہریلی چیز کھانے سے بچہ، 2 نوجوان جاں بحق
سیال آباد روڈ کے قریب واقعہ، متوفی احتشام اور ارشاد مہمان آئے ہوئے تھے 9کی حالت غیر، گمس منتقل، میڈیکل افسر موت کی وجہ کے تعین میں ناکام
محراب پور (نمائندہ دنیا)محراب پور کے سیال آباد روڈ پر ریٹائرڈ معلم اختر بیگ ملک کے گھر مبینہ زہریلی اشیاء کے استعمال سے عرفان ملک، انکی اہلیہ، بچے ، بہن بھائی اور گھر آئے مہمانوں کی طبیعت خراب ہوگئی، جس سے انہیں نجی و سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا، ذرائع کے مطابق اختربیگ ملک کا پوتا 2 سالہ منہان ملک، 24 سالہ بھانجا احتشام ملک ساکن پنوعاقل، 33 سالہ ارشاد ملک ولد اصغر ملک جاں بحق ہوگئے ۔ متاثرہ افراد میں 49 سالہ مسمات صابرہ، 27 سالہ مسمات رابعہ، عرفان ملک،حنان ملک، مسمات صائمہ،عثمان ملک، ڈھائی سالہ بچی عنایہ، 2 سالہ بچی زوہا اور کمسن فرہا دشامل ہیں، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد گمس ہسپتال گمبٹ منتقل کر دیا گیا، اختر بیگ ملک کے مطابق سوشل میڈیا پر لکھا جارہا ہے زہریلا ناشتہ کرنے سے اموات ہوئی ہیں جوکہ غلط ہے گزشتہ رات سے طبیعت خراب ہونے پر اہل خانہ اور مہمانوں کو نجی کلینک پر چیک کرایا تھا، جمعرات کی صبح اچانک طبیعت خراب ہونے پر سرکاری ہسپتال لے جایا گیا جہاں سے گمس ہسپتال منتقل کیا گیا،ایم ایس تحصیل ہسپتال محراب پور ڈاکٹر لطف اللہ میمن کے مطابق ہسپتال لائے افراد میں مرض تشخیص نہیں ہوسکا ہے ، کوئی مضر صحت چیز جسم میں گئی ہے جس سے بچے سمیت تین اموات ہوئی ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر اور پولیس کے مطابق ڈاکٹر کی رپورٹ آنے کے بعد جاں بحق افراد کی موت کا تعین ہوسکے گا،مقامی میڈیکل آفیسر مرض کی تشخیص کرنے میں ناکام رہے ، پولیس اور محکمہ صحت نے استعمال شدہ اشیا تحویل میں لے لیں۔