کندھکوٹ:مختلف گینگز کے 44 ملزموں نے ہتھیار ڈال دیئے

  کندھکوٹ:مختلف گینگز کے 44 ملزموں نے ہتھیار ڈال دیئے

کندھکوٹ(نامہ نگار)کندھکوٹ میں پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کی کوششوں سے مختلف گینگز سے تعلق رکھنے والے 44 ملزمان نے ہتھیار ڈال دیئے۔

 ملزمان ایس ایس پی آفس میں ایک تقریب کے دوران سرنڈر ہوئے جس میں ڈی سی، ایس ایس پی، رینجرز اور دیگر افسران و انٹیلی جنس اداروں کے حکام نے شرکت کی، اس حوالے سے ایس ایس پی محمد مراد گھانگھرو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 44 جرائم پیشہ افراد نے ہتھیار ڈال دیئے ہیں جن میں سندرانی برادری کے 18، سبزوئی برادری کے 8، شیخ برادری کے 3، باجکانی برادری کے 2، جعفری برادری کے 6، ملک برادری کے 2، ایک مزاری، ایک گولو اور دشتی برادری کے تین ملزمان شامل ہیں، جن میں سے بعض کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر تھی۔ کچھ اور ملزمان پیش ہونے والوں پر بھی انعام رکھا ہوا ہے ، ضلع میں 110 جرائم پیشہ افراد پیش ہوئے ، جلد دیگر بھی جرائم کی دنیا کو خیر آباد کہہ کر قانون کے پاس پیش ہوں تو ایک مرتبہ پھر اچھی اور سکون کی زندگی گزارنے کا انہیں موقع ملے گا جو ملزم پیش نہیں ہوگا یا جرم کریگا تو انکا انجام بہت برا ہوگا، ہم ڈاکوؤں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کر رہے ہیں، اس کے ساتھ جمال اور گبلو میں بھی ملزمان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں حکومت کی پالیسی کے مطابق قبائلی تنازعات کے خاتمے کیلئے انتظامات کیے جا رہے ہیں، بھٹو اور بھنگوار برادریوں کے درمیان چلنے والا تنازع اور سندرانی اور ساوند برادریوں کے درمیان چلنے والے تنازعات ختم ہو چکے ہیں، اسی طرح دوسروں کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں