میو ہسپتال :انجکشن چوری سکینڈل ، ڈرگ کنٹرولر سمیت 5 افسر معطل

میو ہسپتال :انجکشن چوری سکینڈل ، ڈرگ کنٹرولر سمیت 5 افسر معطل

معطل ہونیوالوں میں نبیغہ خالق، کنول جاوید ، ام شمائلہ شامل ،کارروائی شروع

لاہور( ہیلتھ رپورٹر)میو ہسپتال سے مہنگے انجکشن چوری ہونے کے معاملے پر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب نے ڈرگ کنٹرولر سمیت 5افسروں کو معطل کر کے محکمانہ کارروائی شروع کر دی ۔ معطل ہونے والوں میں نبیغہ خالق، کنول جاوید اور ام شمائلہ سہیل شامل ہیں۔ افسران پر نااہلی اور بدانتظامی کے الزامات عائد کئے گئے ہیں اور ان کے خلاف پیڈا کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے ،معطل افسر وں کو فوری طور پر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ محکمے نے میو ہسپتال میں تعینات 2 ایڈہاک فارماسسٹس انعم صابر اور تانیہ منور کو بھی ہٹا دیا اورانہیں محکمہ صحت رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ واضح رہے گزشتہ روز میو ہسپتال کی ایمرجنسی فارمیسی سے وزیراعلیٰ سٹروک پروگرام کے 15 لاکھ مالیت کے 6 ٹینیکٹی پلیز انجکشن غائب ہونے کا انکشاف ہوا تھا،انکوائری میں انجکشنز کی گمشدگی ثابت ہونے پر محکمے نے یہ اقدامات اٹھائے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں