نجی پٹرولیم کمپنی کیخلاف کسٹم حکام کا مقدمہ کالعدم قرار
کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے نجی پٹرولیم کمپنی کے خلاف پٹرول سمگلنگ سے متعلق کسٹم حکام کا مقدمہ کالعدم قرار دے دیا۔
سماعت کے دوران نجی پٹرولیم کمپنی کی جانب سے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب عدالت میں پیش ہوئے جبکہ کسٹم حکام کی جانب سے وکیل شہاب امام نے دلائل دیے ۔ دوران سماعت کسٹم کے وکیل نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے بطور وکیل پیش ہونے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ قانون کے مطابق کوئی حاضر سروس میئر کسی مقدمے میں بطور وکیل پیش نہیں ہو سکتا۔ جسٹس نثار احمد بھنبھرو نے ریمارکس دئیے کہ اگر اس قانون پر مکمل عمل کیا جائے تو آدھے وکیل گھر چلے جائیں گے ۔ جسٹس سلیم جیسر نے کہا کہ متعدد وکلا سرکاری ملازمتوں، ذاتی کاروبار اور دیگر عہدوں کے ساتھ بھی عدالتوں میں پیش ہوتے ہیں۔ محکمہ کسٹم کے وکیل شہاب امام نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب ان کے چھوٹے بھائی کی طرح ہیں اور انہوں نے صرف قانونی نکتہ اٹھایا ہے ۔ جسٹس سلیم جیسر نے کہا پہلے یہ واضح کریں کہ آپ ہابیل اور قابیل میں سے کون سے بھائی ہیں، جس پر عدالت میں قہقہے گونج اٹھے ۔