اگلا سال 40 برسوں کا گرم ترین ہوگا:چیئرمین این ڈی ایم اے
ہیٹ ویوز میں 32فیصد اضافہ ،سندھ ،بلوچستان شدید گرمی کی لپیٹ میں رہینگے PSDP کی رقم کم ہو کر 2.78 ارب رہ گئی، قائمہ کمیٹی ماحولیاتی تبدیلی کو بریفنگ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ماحولیاتی تبدیلی کے اجلاس میں ملک کو درپیش موسمیاتی خطرات، مون سون تیاریوں، ترقیاتی منصوبوں اور اسلام آباد کے ماحولیاتی مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت چیئرپرسن کمیٹی سینیٹر شیری ر حمن نے کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے نے خبردار کیا کہ 2026-27 کے دوران ایل نینو مزید شدت اختیار کر سکتا ،آئندہ سال گزشتہ 40 برسوں کا گرم ترین سال ثابت ہونے کا خدشہ ، چیئرمین این ڈی ایم اے کے مطابق ہیٹ ویوز میں 30 سے 32 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے ، سندھ اور بلوچستان شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے ،اجلاس میں شیری ر حمن نے کہا کہ مون سون سیزن کے پیش نظر فوری توجہ اور ہنگامی اقدامات ناگزیر ہیں ، ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ معاشی صورتحال کے باعث پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کی مجموعی مختص رقم کم ہو کر 2.78 ارب روپے رہ گئی ہے ،چیئرمین سی ڈی اے نے کمیٹی کو بتایا کہ اسلام آباد میں روزانہ 990 ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے جبکہ تقریباً 500 ٹن کچرا ہی اٹھایا جا رہا ہے ۔ بری امام متاثرین کو معاوضے اور متبادل پلاٹس فراہم کئے جا چکے ہیں ۔