حکمران حضرت عمر ؓ کو عدل و فلاح کیلئے آئیڈیل بنائیں:علما

حکمران حضرت عمر ؓ  کو عدل و فلاح کیلئے آئیڈیل بنائیں:علما

اصحاب واہل بیت رسول کی پاکیزہ زندگیاں امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہیں نظامِ مصطفی کی حکمرانی کی جدوجہد جاری رکھیں گے :مولانا عزیز الرحمن ودیگر

لاہور(سیاسی نمائندہ) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنماؤں نے کہا ہے کہ خلیفہ ثانی حضرت سیدنا فاروق اعظم ؓجرأت وبہادری کا پیکر تھے ،حکمرانوں کو عدل وانصاف کا نظام قائم اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے حضرت عمرفاروقؓ کو آئیڈیل بنانا ہوگا، حضرت عمرفاروق ؓکے دور حکمرانی میں عدل وانصاف اور مساوات کی اعلیٰ ترین مثالیں ملتی ہیں، اصحاب واہل بیت رسول کی پاکیزہ زندگیاں امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔ ان خیالات کااظہار مولانا عزیز الرحمن ثانی، مولانا عبدالنعیم، مولانا محبوب ا لحسن طاہر اور مولانا سمیع اللہ نے جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔علمائے کرام نے مزید کہا کہ حضرت سیدنا فاروق ا عظمؓ   کا عہد خلافت درخشندہ باب کی حیثیت رکھتا ہے ، حکمرانوں کو خلفائے راشدین کی طرز پر حکمرانی کیلئے عملی اقدامات کر ناہونگے ، نئے اسلامی سال کی آمد ہمیں صبر، استقامت اور شجاعت کا سبق دیتی ہے ، ہمیں اس موقع پر یہ عہد کرنا ہے کہ ہم اس سال نظامِ مصطفی کی حکمرانی اور ناموس مصطفی کی پاسبانی کی جدو جہدکو جاری رکھیں گے اورپاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں