بجٹ پر اپوزیشن کی تنقید امن معاہدہ پر ایوان ایک پیج پر 7روز میں بحث مکمل ، فارم 47 اوربانی کی رہائی کا مطالبہ ہوتا رہا
اسلام آباد (سید قیصر شاہ) قومی اسمبلی میں نئے مالی سال کے بجٹ پر شورشرابے اور نعروں کے درمیان بغیر کسی وقفے کے سات روز تک بحث کا سلسلہ مکمل کرلیا گیا جبکہ حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے اس ضمن میں مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔
ایوان بالا کی جانب سے قومی اسمبلی کو تنخواہوں میں کم از کم 15 فیصد اضافہ سمیت مجموعی طور پر 123 سفارشات منظور کرکے بھجوائی گئیں۔قومی اسمبلی میں اراکین نے اپنے اپنے حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں کے اجرا سمیت دیگر مسائل کو بھی زیر بحث لایا۔ بحث کے دوران اراکین نے اشعار کا سہارا لے کر ایوان سے داد حاصل کی جبکہ ایک دوسرے پر تنقید کا سلسلہ بھی جاری رہا۔بحث کے دوران پی ٹی آئی کے اراکین نے اپنی تقاریر کا آغاز بانی سے متعلق ذکر اور ان کی رہائی کے مطالبے کے ساتھ کیا۔ حکومتی ارکان کو پی ٹی آئی کی جانب سے فارم 47 کے طعنے دئیے گئے جس پر حکومتی ارکان نے بھی بھرپور جواب دیا۔تاہم امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے پر پورا ایوان ایک پیج پر دکھائی دیا جس کا خوشگوار منظر بھی دیکھنے میں آیا۔ اپوزیشن ارکان نے اس امن معاہدے کو پاکستان کی تاریخی کامیابی قرار دیا ۔