فیول بچت ،کفایت شعاری کے تحت اضافی پابندیاں ختم،مارکیٹوں ،تجارتی مراکز کے پرانے اوقات کار برقرار
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی حکومت نے فیول بچت اور اضافی کفایت شعاری سے متعلق حالیہ اقدامات فوری طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیراعظم کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے مطابق اضافی پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں، تاہم مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کے اوقاتِ کار سے متعلق پہلے سے نافذ ضوابط برقرار رہیں گے ۔ حکومتی ہدایات کے تحت دکانیں، بازار اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند ہوں گے ، جبکہ ڈیپارٹمنٹل اور جنرل سٹورز کو بھی رات 9 بجے تک کاروبار کی اجازت ہوگی۔ اسی طرح شادی ہالز، مارکیز اور دیگر کمرشل تقریبات رات 10 بجے تک جاری رہ سکیں گی، جبکہ ریسٹورنٹس، کیفے اور فوڈ آؤٹ لیٹس رات 11 بجے بند ہوں گے ،تاہم ہوم ڈیلیوری اور ٹیک اوے سروسز ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گی۔ نوٹیفکیشن میں پھل و سبزی فروشوں، کریانہ سٹورز، فارمیسیز، ہسپتالوں، میڈیکل لیبارٹریز اور کلینکس کو اوقاتِ کار کی پابندی سے استثنیٰ دیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ بیکریاں، تندور، دودھ کی دکانیں، پٹرول پمپس اور الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشنز بھی مقررہ بندش کے اوقات سے مستثنیٰ قرار دئفیے گئے ہیں،حکومت نے جمنازیم، کھیلوں کی سہولیات، آئی ٹی کمپنیوں اور کال سنٹرز کو بھی کاروباری اوقات کی پابندی سے استثنیٰ دے دیا ہے ۔ تاہم نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ علاقائی کشیدگی سے قبل وزارتِ خزانہ کی جانب سے نافذ کیے گئے عمومی کفایت شعاری اقدامات بدستور برقرار رہیں گے ۔